اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ روسی دفاعی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ ایرانی ماہرین کے بنائے ہوئے "باور" میزائل سسٹم کے ہوتے ہوئے اسرائیلی جنگی طیارے ایران کے قریب بھی نہیں جاسکتے۔
خبررساں ادارے "نووسٹی" کے مطابق، ایران نے جدید ترین باور نامی فضائی دفاعی سسٹم کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے جس کی وجہ سے اسرائیل سمیت دنیا بھر میں ایران دشمن قوتوں کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔
واضح رہے کہ باور نامی دفاعی سسٹم مکمل طور پر ایران میں تیار کیا گیاہے اور ایران کا پہلا طویل فاصلے کا میزائل دفاعی نظام ہے۔
روسی دفاعی امور کے تجزیہ کار ویکٹور بارانٹیس کا کہناہے کہ ایران کا باور نامی میزائل سسٹم مکمل طور پر دفاع کے لئے تیار کیاگیا ہے جو کسی بھی غیر ملکی لڑاکا طیارے کو نہایت آسانی کے ساتھ نشانہ بنا سکتا ہے۔
روسی دفاعی امور کے ماہر کا کہنا ہے کہ ایران پہلے ہی روس سے ایس 300 میزائل سسٹم خرید چکا ہے اب ایرانی ماہرین داخلی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے روسی میزائل کا متبادل نظام متعارف کروانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
انہوں نے ایرانی سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کرتےہوئے کہا کہ باور میزائل سسٹم سے ایران کے دشمن انگشت بدندان رہ گئے ہیں۔
ویکٹور کا مزید کہنا تھا کہ باور میزائل سسٹم، حکمت عمل اور تکنیکی لحاظ سے روسی ایس 300 سے بالکل مشابہ ہے باور نامی میزائل روسی ایس 300 کی جگہ لینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے خیال میں ایرانی باور نامی دفاعی سسٹم روسی ایس 300 کا بھائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی فوج کے پاس باور نامی میزائل سسٹم آنے کے بعد اسرائیل کے لڑاکا طیارے ایران کی فضائی حدود کے قریب جانے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔
خیال رہے کہ الانبیاء ایئر ڈیفنس بیس کے کمانڈر امیر فرزاد اسماعیلی نے فوج کے زیر اہتمام "سوچ اور قلم" کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مقامی ایئر ڈیفنس سسٹم "باور-373" کی حالیہ صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲